اصلاحی خطبات: صاحب خطبات ومواعظ عالم اسلام کی مشہورترین دینی وعلمی متبحرعالمی شخصیت ،جدیدوقدیم علوم کے ماہر،دورِحاضرکے عظیم اسلامی اسکالر،ترجمانِ مسلک دیوبند،جانشین مفتی اعظم محمدشفیع عثمانیؒ ،شیخ الحدیث وصدرمفتی دارالعلوم کراچی،سابق قاضی القضاة پاکستان حضرت مولانا مفتی محمدتقی عثمانی مدظلہ العالی ہیں۔
حضرت والاکی ذات گرامی ہندوپاک؛ بلکہ عرب وعجم میں محتاج ِتعارف نہیں،آپ ایک علمی ودینی خانوادہ کے صاحبِ فضل وکمال اور روشن چراغ ہیں،اللہ تعالیٰ نے حضرت والا کو متنوع دینی وعلمی خدمات کی سعادت نصیب فرمائی ہے۔
ایک طرف طالبان ِعلوم نبوت آپ سے امہاتِ کتبِ حدیث کا درس لیتے ہیں ،تودوسری طرف علماءوعوام قدیم وجدید مسائل میں آپ کے قضاءوفتاوی سے مستفیدہورہے ہیں،کہیں آپ کی اصلاحی مجالس منعقدہورہی ہیں،کہیں ملکی وعالمی کانفرنسوں میں آپ کے کلیدی خطابات ہورہے ہیں۔
غرض یہ کہ اللہ تعالیٰ نے آپ کو امہات کتب حدیث کے درس وتدریس ،قضاءوفتوی ،جدید مسائل کے استنباط کاملکہ،تصنیف وتالیف اوراصلاح وتزکیہ ہمہ جہتی دینی وعلمی خدمات وسعادتوں سے مالامال فرمایاہے ،جن کے فیوض وبرکات سے علماءوعوام ،جدیدتعلیم یافتہ طبقہ ،مسلمانان عرب وعجم ،مشرق ومغرب کے باشندے مستفیض ہورہے ہیں ،اللہ تعالیٰ حضرت والا کے ان تمام خدمات جلیلہ کو قبول فرمائے اورحضرت والاکے سایہءسعادت وبرکت کو ہمارے سروں پرتادیرقائم رکھے ۔آمین
اصلاحی خطبات پرایک نظر
” جامعہ مسجدبیت المکرم “گلشن اقبال، کراچی، میں حضرت والامدظلہ کی سالہاسال سے بعدنمازِ عصراصلاحی مجلس منعقدہوتی ہے ،جس میں بہت سارے مردوخواتین اپنی اصلاح کی غرض سے شریک مجلس ہوتے ہیں،یہ مجلسیں چونکہ خالص اصلاحی تعلق کی ہوتی ہیں۔
اس لیے اس میں حضرت والا نے اصلاح ِمعاشرہ ،اصلاح نفس اورتزکیہ قلوب سے متعلق بہت سارے مضامین بیان فرمائے ہیں ،مولانا عبداللہ میمن نے کیسٹوں اوربہت ساری تقاریرکو فی الفورکاپی میں قلم بندکرکے ان تقاریروومواعظ کوتحریری اعتبارسے مرتب کیاہے،بعدازاں حضرت والاکی اجازت کے بعد زیورِطباعت سے آراستہ کرکے امت ِمسلمہ کے سامنے آپ کے عام فہم اصلاحی مضامین کا ایک عظیم تحفہ پیش کیا۔
الحمدللہ اس مجموعہ کو پاکستان وہندوستان کے اہل علم وعوام میں بے پناہ قبولیت حاصل ہوئی ،نیز روزاول ہی سے بہت سارے رسائل وجرائدوروزناموں اس کے اقتباسا ت کو نقل کرتے آئے ہیں،مولانا عبداللہ میمن صاحب نے اب تک رفتہ رفتہ اس مجموعہ کی اٹھارہ جلدوں کوپایہ تکمیل تک پہنچایا ،اصلاحی خطبات کا یہ مجموعہ عبادات ،اصلاح ِمعاشرہ ،اصلاح معاملات ،تزکیہ قلوب ،دعاءکی افادیت واہمیت پرعام فہم ،معتدل نقظہ نظراورمسلک دیوبندیت پرمشتمل ہے ۔
اسلام اورہماری زندگی
اس کتاب کی اب تک دس جلدیں منظرعام پرآئی ہیں جس کو مولانا اویس سرورصاحب نے جناب مسعودعثمانی صاحب مالک” ادارہ اسلامیات“ پاکستان کے مشورہ سے حضرت مولانا مفتی محمدتقی عثمانی صاحب مدظلہ العالی کے وہ خطبات،مواعظ اورتحریرات جوعام فہم اورروزہ مرہ کی زندگی سے متعلق ہیں اورجن کو اصلاحِ معاشرہ میں خاص اہمیت حاصل ہے اورجن کی بدولت ہزاروں لوگوں کی زندگیوں میں انقلاب پیداہواہے، ان کو موضوعاتی ترتیب سے جمع کیاہے ۔
یہ خطبات ومواعظ حضرت مولانا کی کتابیں :اصلاحی خطبات ،اصلاحی مجالس ،انعام الباری شرح بخاری ،تقریرترمذی ،ذکروفکراوروقتافوقتا نشرہونے والی تقاریرسے لی گئی ہیں،جن کو” اسلام اورہماری زندگی“ میں ایک موضوع سے متعلق جس قدرموادمولانا کے بیانات وتحریرات میں متشرتھا اس کو قرآنی آیات ،احادیث نبویہ ،آثارصحابہ ،وتاریخی واقعات وغیرہ کی ممکنہ تخریج،حضرت مولانا کی کتابوں کے حوالوں اورکتابت کی ا غلاط سے پاکی و صفائی کے ساتھ مرتب کیاگیاہے۔
۔چونکہ اس کتاب میں زیادہ تر”اصلاحی خطبات “سے استفادہ کیا گیاہے ،تخریج وتصحیح کا غیرمعمولی اہتمام کیا گیاہے ،اس لیے یہ کتاب ”اصلاحی خطبات“ سے مستغنی کردیتی ہے،حضرت مولانا کی تقریرات اورتحریرات میں ایک خاص بات یہ ہے کہ وہ عام فہم اوراپنے موضوع وباب میں تحقیقی ،حشو وزیادت سے پاک اورنقطہءاعتدال ومشربِ دیوبندیت پرمبنی ہوتی ہیں ، یہ کتاب بھی اسی قبیل کی ہے ۔(فہارس خطبات ومواعظ:۴۳ مرتب ابوفیضان قاسمی)