حاملین قرآن: تبارک الذی نزل الفرآن علی عبدہ لیکون للعالمین نذیرا،وصلوات ا للہ وسلامہ علی من ارسل بہ الی کافة للناس بکرة واصیلًا،وعلی عبادالرحمن الذین اتخذوہ خلیلًااما بعد :
ابتداء اسلام سے آج تک نہ جانے علوم ِقرآن کے موضوع پر کتنی بے شمار خدمات مختلف زبانوں ، میں ہوئی ہیں اور ہوتی رہیں گی ۔
اسی مبارک سلسلہ کی ایک کڑی زیرِنظر کتاب ”التبیان فی آداب حملة القرآن “مؤلفہ شارح مسلم علامہ نووی ؒ شافعی جس کا اردو ترجمہ ”حاملین قرآن(فضائل،آدب اور احکام) “ہے،اپنی شانِ انفرادیت کا عجیب شاہکار ہے ،جس میں علامہ نوویؒ نے فضائل ِ قرآن ،فضائلِ حاملین ِ قرآن ،آداب قرآن ،حقوق ِ قرآن ،عظمت ِ قرآن اور ان سے متعلقہ امور کو بالتفصیل بیان فرمایاہے ۔
اس کتاب کے مصنف ومؤلف عظیم المرتبت ،جلیل القدر نامور ومشہور علمی شخصیت شیخ شرف الدین ابوزکریا نووی شافعیؒ ہیں جن کی علمی جلالتِ شان وعظمت اہل علم کے نزدیک مسلم ومتفق علیہ ہے ،جو محدثانہ شان اور فقیہانہ بصیرت کے حامل ہیں ،اپنی دیگر کتابوں کی طرح اس کتاب میں بھی علم کا دریا بہادیاہے۔
علامہ نوویؒ کی کتابوں میں خیر وبرکت ،ہدایت اورنورانیت
اس کتاب میں جتنے موضوعات ہیں ان سے متعلقہ قرآنی آیات ،احادیث مبارکہ ،فقہی اقوال وآراءاور مشائخ کے ملفوظات کو جمع کیاہے ،یہ کتاب اپنے موضوع ،اسلوب نگارش ،مصنف کے علمی کمال ،اخلاص اورللہیت کے پیش ِ نظر خزینئہ آدابِ قرآن ،سرمایہ ءفخرا ورافتخارہے ۔
علماءنے لکھاہے کہ علامہ نوویؒ کی کتابوں میں خیر وبرکت ،ہدایت ونورانیت ہوتی ہے ،اس کی وجہ تین باتیں ہیں (۱)علمی گہرائی وگیرائی (۲)اخلاص وللہیت(۳)فوائد کی کثرت ،مسئلہ میں قطعی رائے کا فیصلہ ۔
یہ وہ باتیں ہیں جن کی وجہ سے علامہ نوویؒ کی کتابوں میں برکت ونورانیت نظر آتی ہے، قارئین کرام کو اپنی طرف مائل ومتاثر کرتی ہیں اورعمل پر آمادہ کرتی ہیں،زیرِنظر کتاب کی شان بھی کچھ اسی طرح ہے کہ جب کتاب کو شروع کیاجائے، تو قاری کو ختم کئے بغیر چین وسکون میسر نہ آئے ۔
جب اس کے مضامین کو پڑھاجاتاہے ،تو ایسامحسوس ہوتاہے کہ یہ کتاب علامہ نوویؒ نے چھٹی صدی کے مسلمانوں کے لئے لکھی ہے؟ یاچودھویں صدی کے علماء،وعوام کے لئے تصنیف فرمائی ہے؟
یہ کتاب بلاشبہ علماء،طلباء، عوام اورمرد وعورت ہر ایک کے لئے یکساں مفید ہے ،ہم سے قرآن ِ پاک کے متعلق جو علمی ،عملی اوراخلاقی کوتاہیاں ہوتی رہتی ہیں، ان پر اچھی طرح متوجہ کیاہے،اس کتاب کی اہمیت کا صحیح اندازہ مطالعہ کے بعد ہی کیاجاسکتاہے ۔
التبیان فی آداب حملة القرآن کا ترجمہ
بہرکیف یہ بات اس عاجز کے لئے باعثِ عز وشرف بھی ہے اور موجب ِ شکر وامتنان بھی کہ میرے قابل صداحترام ولائق صدافتخار مربی جلیل ومحسن حضرت الاستاذ مولانا مفتی محمد اسلم صاحب رشادی،قاسمی دامت برکاتہم بانی و مہتمم جامعہ غیث الھدیٰ بنگلور۔
اللہ تعالیٰ استاذ محترم کے فیوض وبرکات کومزید عام وتام فرمائے اور بہترین بدلہ نصیب فرمائے ۔کے زیرانتظام ساتواں آل کرناٹک مسابقہ القرآن الکریم منعقد ہ بتاریخ ۱۷،۱۶ربیع الثانی ۱۴۳۳ھ م ۱۱،۱۰ مارچ ۲۰۱۲ءبمقام جامعہ غیث الھدیٰ بنگلور کی مناسبت سے حضرت والامدظلہ العالی کی زیرنگرانی جلیل القدر مصنف کی عظیم کتاب کی ترجمانی کی سعادت اللہ رب العزت نے عطافرمائی۔
التبیان فی آداب حملة القرآن میں مندرجہ ذیل امورانجام دئے گئے ہیں
الف: شروع میں صاحبِ کتاب علامہ نوویؒ کا تعارف پیش کیاگیاہے ۔
ب:صرف ترجمہ پر اکتفاءکیاگیاہے ؛البتہ علامہ نووی ؒنے مذکور ہ کتاب میں بلاعنوان کی فصلیں خوب قائم فرمائی ہیں، اردوداں طبقہ کی سہولت کے پیشِ نظر ،مضمون کی مناسبت سے اپنی طرف سے مناسب عناوین قائم کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
ج:چونکہ علامہ نوویؒ محدثانہ شان اور فقیہانہ بصیرت کے حامل ہیں، اس وجہ سے آیات،احادیث اور ابواب کی مناسبت سے مسائل کو بھی بیان فرمایاہے ،جس کی وجہ سے ایک حنفی قاری کے لئے شکوک وشبہات پیش آسکتے ہیں، اس لئے بین القوسین مختلف فیہ مسائل میں فقہِ حنفی کی باحوالہ وضاحت کی گئی ہے ۔
د: دسویں باب میں مصنف ؒنے اس کتاب میں ذکر کئے گئے اسماءاور مشکل لغات کو ذکر فرمایاہے ،اردوداںطبقہ کے لئے اس کی چنداں حاجت نہیں ،بایں وجہ لغات کو حذف کردیاگیاہے تاہم اسماءرجال کو ذکرکیاگیاہے ۔
رمضان المبارک میں حاملین قرآن کے مسودہ پرنظرثانی
بہرحال اللہ تعالیٰ نے ا س عاجز کوجو تہی دست وتہی دامن وبے علم وبے ہنرہے ،اس عظیم کتاب کے ترجمہ کی توفیق عطافرمائی ،تقاضئہ بشریت کی بناپر اس میں کمی کوتاہی ممکن ہے ،جو خیر خواہ اس پر مطلع فرمائیں بندئہ عاجز ان کا ممنون ومشکور ہوگا ۔
اللہ رب العزت استاذمحترم حضرت مولانا مفتی اشتیاق احمدصاحب قاسمی دامت برکاتہم ۔استاذ دارالعلوم دیوبند۔ کوجزائے خیرعطافرمائے اور آپ کے فیوض وبرکات کو عام فرمائے کہ آپ نے رمضان المبارک جیسے مصروف ترین مہینہ اورحالت سفرمیں بندئہ پرنظرکرم فرمائی اور بندہ کی عاجزانہ درخواست کو قبول فرماتے ہوئے ”حاملین قرآن “ کا مسودہ از اول تاآخرملاحظہ فرمایا اورمفیدمشوروں سے مستفیض فرمایا۔
اللہ تعالیٰ سے دعاہے کہ اللہ تبارک وتعالیٰ اصل کتاب کی طرح ترجمہ کو بھی شرفِ قبولیت سے نوازائے اور ہم تمام کو حاملین ِ قرآن کی جماعت میں شامل فرمائے جو اس کے حرام کو حرام اور حلال کو حلال سمجھتے ہیں ، اس کے حدود کی رعایت کرتے ہیں اورہمیں قرآن سے محبت کرنے والوں اور قیامت میں قرآن پاک جن لوگوں کی اللہ کے دربارمیں سفارش کرے گا، ان میں شامل فرمائے ۔آمین یارب العالمین-
یہی وہ مبارک کتاب ہے جس کےاقتباسات کو آپ حضرات نے FAIZANEQASMI میں درس قرآن اورآداب واحکام وغیرہ میں مطالعہ فرمایاہے ،یہ کتاب کتب خانہ نعیمیہ دیوبند سے شائع ہوئی ہے ، دیگرخواہش مندناشرین حضرات طبع کرانے کے لئے رابطہ کرسکتے ہیں ۔
بندہ عاجز :عبداللطیف قاسمی، غفرلہ ولوالدیہ واساتذہ اجمعین ،جامعہ غیث الہدیٰ بنگلوربروزسہ شنبہ۱۸محرم الحرام۱۴۳۴ھ یکم جنوری ۲۰۱۳ء